نئی دہلی،25اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ہریانہ کے ڈیرہ سچا سودا سربراہ بابا رام رحیم کو عصمت دری کے ایک معاملے میں عدالت کی طرف سے مجرم ٹھہرائے جانے کے بعد صوبے کے مختلف علاقوں میں ہو رہے پر تشدد واقعات کے بعد وزیر اعظم کے دفتر نے ریاستی حکومت سے معاملے کی مکمل رپورٹ مانگی ہے۔ہریانہ میں ڈیرہ سچا سوداچیف بابا رام رحیم کے پیروکاروں کی جانب سے سرکاری محکموں، دفاتر اور املاک کو نشانہ بنایا گیا ہے،تشدد کے واقعات میں اب تک 30 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔میڈیا سمیت کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ریاست میں بنی کشیدگی کے ماحول کے درمیان مرکزی داخلہ سکریٹری نے وزیر اعظم نریندر مودی کو موجودہ حالات کی معلومات دی ہے،جس کے بعد وزیر اعظم کے دفتر نے ہریانہ کے منوہر لال کھٹر حکومت سے رپورٹ طلب کی ہے۔